اوقاف کے زیراہتمام نماز استسقاء جمعہ کو ادا کی جائیگی،طاہر بخاری
لاہور(خبر نگار)محکمہ اوقاف جمعہ کے روز، صوبہ بھر میں ”نماز ِ استسقاء“کا اہتمام کرے گا۔نماز استسقاء اجتماعی توبہ، استغفار اور بارانِ رحمت کی طلب کا ذریعہ ہے، جس سے سموگ کے اثرات کم ہوں گے۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے کہا کہ محراب ومنبر حفظانِ صحت کے اصولوں کی ترویج و تبلیغ کیلئے مستعد ہے۔خطّے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹو ں کا دھواں، ہیوی ٹرانسپورٹ کی بہتاب، دھواں چھوڑتی گاڑیاں، اینٹوں کے بھٹوں کا دھواں،فصلوں کی تلفی جیسے عوامل کا تدارک اورانڈسٹری کو جدیدی ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے سموگ سے نجات پانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کر لی ہے۔ یہ ایکشن پلان 16 نکات پر مشتمل ہوگا، جس میں 20 سال سے زائد پرانی گاڑیوں کی تبدیلی سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ دھند اور دھوئیں کا امتزاج ہے۔ یہ اکتوبر سے شروع ہوکر دسمبر تک جاتا ہے۔ موسم سرد ہونے کے سبب ہواؤں کی رفتار سست ہوجاتی ہے۔ اس لئے دھویں کے آگے بڑھنے کے امکان نہ ہونے کے برابر ہوجاتے ہیں۔اس کی بڑی وجہ خطّے میں چاولوں کی فصل کی کٹائی کے بعد، نئی فصل کی تیاری کے لئے پرانی فصل کی باقیات کی تلفی ہے، جس کے لئے زرعی زمینوں میں آگ لگانے کا طریقہ رائج ہے، جس میں کبھی لاہور، کبھی ملتان اور کبھی دہلی پہلے نمبر پر آتاہے۔