9مئی توڑپھوڑ کیس ؛سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما امتیاز شیخ کی عبوری ضمانت منظور کرلی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے 9مئی توڑپھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنما امتیاز شیخ کی عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں 9مئی توڑپھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنما امتیاز شیخ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کےفیصلے پر حیرت کا اظہارکیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ نے درخواست ضمانت خارج کی یا ٹرائل کا ہی فیصلہ سنا دیا؟ضمانت کے فیصلے میں اس طرح شواہد کو زیربحث نہیں لایا جاتا، وکیل لطیف کھوسہ نے کہاکہ میرے موکل کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں،ضمنی رپورٹ میں کئی ماہ بعد شیخ امتیاز کا نام ملزمان میں شامل لیاگیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ ضمنی کی کاپی آپ نے ریکارڈ کا حصہ کیوں نہیں بنائی؟لطیف کھوسہ نے کہاکہ ضمنی کی کاپی کل ملی ہے، پولیس نہیں دے رہی تھی،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ کھوسہ صاحب آپ نے اہم ترین دستاویزریکارڈ کا حصہ نہیں بنائی،آپ لوگ اپنے مقدمات سیاسی نہیں پروفیشنل انداز میں چلایا کریں،غلطیاں آپ لوگوں کی اپنی ہوتی ہیں اور الزام عدالتوں کو دیتے ہیں،سپریم کورٹ سے چند منٹ میں ہی آپ لوگوں کو ریلیف مل گیا ہے،لطیف کھوسہ نے کہاکہ ہمیں تو تازہ ہوا سپریم کورٹ یا پشاور ہائیکورٹ سے ہی ملتی ہے،سپریم کورٹ نے 9مئی توڑپھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنما امتیاز شیخ کی عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو گرفتاری سے روک دیا،عدالت نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔