پختونخوا، بلوچستان کی سرزمین پر چین ،امریکہ نئی عالمی جنگ کی تیاریاں ہو رہی ہیں : ایمل ولی
پشاور(آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان نے خبردار کیا ہے پختونخوا اور بلوچستان کی سرزمین پر چین اور امریکہ کی نئی عالمی جنگ کی تیاریاں ہو رہی ہیں، ہم ایک بار پھر قوم اور ریاست کو متنبہ کر رہے ہیں کھلاڑی بدل چکے ہیں اور ایک اور پرائی جنگ میں ہمارے بچوں کو جھونکنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔پشاور میں خطاب کرتے ہو ئے ایمل ولی خان نے کہا ماضی میں بھی جب امریکہ اور روس کے درمیان جنگ جاری تھی، تو ہم نے واضح کیا تھا یہ جہاد نہیں فساد ہے۔ آج وہی مذہبی رہنما جو کل تک ہمارے بچو ں کو جنت کے نام پر جنگ میں دھکیل رہے تھے، اب اسے فساد قرار دے رہے ہیں،انہوں نے کہا تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ یہ معاملات کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔ عوام کی ا صل طاقت سیاست میں ہے اور ان کا ہتھیار عدم تشدد کا پرچم بلند رکھنا ہے۔ ایمل ولی خان نے کہا ملک کے اندرونی مسائل کے مستقل حل کےلئے باہمی اعتماد اور مذاکرات ناگزیر ہیں، علیحد گی پسند تحریکوں کا حل صرف سیاسی بنیادوں پر نکالا جا سکتا ہے اور اس کےلئے سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے، امن کو ہر حال میں ترجیح دینا ہوگی کیونکہ آگے بڑھنے کا واحد را ستہ یہی ہے۔ پالیسیوں میں شفافیت لائی جائے اور انہیں پارلیمنٹ میں زیر بحث لا کر عوام کو اعتماد میں لیا جائے،ملک میں دہشت گردی کےلئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے اور اس حوا لے سے کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ ریاست کو عوام کےساتھ بیٹھ کر ان کے تحفظات دور کرنے ہونگے، ان کے حقوق تسلیم کرنے ہونگے اور انہیں پاکستان کو تسلیم کرنا ہوگا،انہوں نے واضح کیا اے این پی کسی بھی صورت میں تشدد کی حمایت نہیں کر سکتی اور ہم امن کےلئے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
ایمل ولی خان