عوامی ترقی کے راستے میں اپوزیشن کے منفی حربے برداشت نہیں ہوں گے: عثمان بزدار
ڈیرہ مراد جمالی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جلسوں کی طرح پی ڈی ایم کی استعفیٰ پولیٹیکس بھی بری طرح ناکام ہو گی، عوامی ترقی کے راستے میں اپوزیشن کے منفی حربے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چئیرمین سینیٹ کے ہمراہ دورہ بلوچستان کیا ہے، سابق وزیراعظم ظفر اللہ جمالی اور سردار شیر باز خان مزاری مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔
سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مینار پاکستان کے ناکام شو کے بعد منفی سیاست سے توبہ کر لے کیونکہ عوام نے اپوزیشن کی کرپٹ قیادت کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے۔ اب ان میں استعفیٰ دینے کی ہمت ہے نہ لانگ مارچ کرنے کا حوصلہ، عوام کو وزیر اعظم عمران خان پر پورا اعتماد ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ہمراہ ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم ظفراللہ جمالی کے انتقال پر ان کے بیٹے میر عمر خان جمالی اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ظفراللہ جمالی شرافت کا پیکر، اصول پسند سیاستدان اور وضع داری کی قابل تقلید مثال تھے۔ عثمان بزدار بزرگ سیاستدان سردار شیر باز خان مزاری مرحوم کی رہائش گاہ بھی گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔