ایک سیاسی جماعت اداروں کیخلاف زہر اگل رہی ہے، آج اڈیالا جیل بیٹھے ہیں تو یہ اللّٰہ کی پکڑ ہے: احسن اقبال
نارووال ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت اداروں کیخلاف زہر اگل رہی ہے، آج اڈیالا جیل بیٹھے ہیں تو یہ اللّٰہ کی پکڑ ہے۔
نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں ملک کی معاشی ترقی روکی گئی،2018ء میں ایک اناڑی کو پاکستان کی چابی دی گئی۔9 مئی کو جو کچھ کیا گیا اس کا کوئی تصور نہیں کر سکتا۔ ایک سیاسی جماعت اداروں کے خلاف زہر اگل رہی ہے۔ اگر آج وہ اڈیالا جیل میں بیٹھے ہیں تو یہ اللّٰہ کی پکڑ ہے،مجھے جھوٹے کیس بنا کر جیل میں ڈالا گیا۔اس اناڑی نے معیشت برباد کر کے منہگائی کی شرح میں تاریخی اضافہ کر دیا، نواز شریف کی جب حکومت آئی انہیں کام سے روک کر سازش سے نکال دیا گیا۔ ایک آدمی پاکستان کی سیاست میں زہر گھولنے اور نفرت بھرنے والا ہے، پی ٹی آئی والے بتائیں کہ 4 سال کی گورنمنٹ میں آپ نے کیا کیا تھا۔
"جنگ " کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے۔پاکستان کی زراعت ترقی کرے گی تو پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی، زرعی معیشت کی بہتری کے لیے ہمیں دودھ اور زرعی پیداوار کو بہتر بنانا ہو گا۔کسانوں کو یہ بتانا چاہیے کہ کونسی فصلیں باآسانی برآمد کی جا سکتی ہیں۔ زرخیز زمین کے باوجود ہم گندم امپورٹ کر رہے ہیں جبکہ 2018ء میں جب ہم نے حکومت چھوڑی تھی تب گندم، چاول اور گنے سمیت مختلف اجناس میں ہم خود کفیل تھے۔