چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن سے قبل مکمل مشاورت ،بھرپور تیاری اور فضائی جائزہ لیا گیا :آئی جی پنجاب

چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن سے قبل مکمل مشاورت ،بھرپور تیاری اور فضائی جائزہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور،راجن پور ، مٹھن کوٹ (کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی ) آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن سے قبل بھرپور تیاری کی گئی تھی اور آپریشن میں حصہ لینے والے اداروں کی نہ صرف مشاورت تھی بلکہ فضائی جائزہ بھی لیاگیا تھا اس آپریشن میں سب انسپکٹر سمیت چھ جوان شہید ہوئے جبکہ چوبیس یرغمال بنے ہیں یرغما لیوں کی بحفاظت واپسی اولین ترجیح ہے شہید ہونے والے بہادر سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر راجن پور میں میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند سالوں میں700پولیس افسروں اور اہلکاروں کی شہادتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پولیس کے جوان اور اہلکار دہشت گردی کے ناسور اورجرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ، ان کے حوصلے بلند ہیں اور آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔مشتاق احمد سکھیرا نے ویڈیو لنک کے ذریعے سنٹرل پولیس آفس لاہور کے تمام افسرا ن سے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرکل شہید ہونے والے اہلکاروں حنیف غوری، قاضی عبیداللہ، امان اللہ، محمد اجمل(ایلیٹ)، شکیل احمد اور طارق کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک شہید کے گھر جاؤں گا شہید ہونے والے اہلکاروں کے معاوضہ کو پچاس لاکھ سے بڑھا کر پچھتر لاکھ کردیا گیا ہے جبکہ شہید سب انسپکٹر کے ورثاء کو پچانوے لاکھ روپے معاوضہ فراہم کیا جائیگا ۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقے میں جاری آپریشن کے دوران شہادت پانے والے 6پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کی ہر سطح پر مالی اور اخلاقی مددکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس، سہیل خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، کیپٹن (ر) عارف نواز، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، ڈاکٹر عارف مشتاق اور ایڈیشنل آئی جیزPHP، امجد جاوید سلیمی کے علاوہ سی پی او کے تمام افسران موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ راجن پور میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ آپریشن باقاعدہ ایک طے شدہ حکمت عملی کے تحت شروع کیا گیا ہے اور اس مشترکہ آپریشن سے پہلے نہ صرف باقاعدہ Pickitingکی گئی بلکہ ٹریننگ کے دوران 50ہزار راؤنڈ فائر کرنے کے ساتھ ساتھ مارٹر گولوں اور دیگر ضروری ہتھیاروں کے استعمال کا باقاعدہ Demo کیا گیا اور اس ٹریننگ میں SSGکے کرنل رینک کے دو ریٹائرڈسینےئر افسران کی معاونت حاصل رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جوان بھرپور جذبے اور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے ہیں اور ان کا مورال بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنل حکمت عملی کے مطابق فورس کو بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس ، گولیوں کے میگزین اور دیگر ضروری اسلحہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ فورس کو ہر قسم کی لاجسٹکس سپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن میں اب تک چھوٹو گینگ کے7 انتہائی خطرناک ساتھیوں جن میں ان کے رنگ لیڈراور ڈپٹی لیڈر شامل ہیں کو پولیس کے جوانوں نے جہنم واصل کر دیا۔ ہلاک ہونے واؒ لے ان ڈاکوؤں میں رنگ لیڈر،علی گل بازگیر،پاندی ،ڈپٹی لیڈر پہلوان عرف پالہو سکھانی ، بہادر، فقیر محمد، مجید باکھرانی اور ایندڑمارے جا چکے ہیں۔جن کے سروں کی بھاری قیمت حکومت نے مقرر کر رکھی تھی جبکہ چھوٹو گینگ کے8ساتھی شدید زخمی ہیں۔صوبائی پولیس سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب پولیس نہ صرف اپنے اغواء کیے گئے جوانوں کو با حفاظت رہا کروا لے گی بلکہ اس آپریشن کو پوری قوت کے ساتھ انشاء اللہ پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔آئی جی پنجاب کچے کے علاقے میں جاری آپریشن ضرب آہن کے شہداء کے گھروں میں جاکر فاتحہ خوانی کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں وہ شہید کانسٹیبل محمد طارق کے گھر کوٹ مٹھن پہچے انہوں نے سوگواران کے ساتھ فاتحہ خوانی پڑھی اور اس کے اہل خانہ کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔بعدازاں انہوں نے شہید محمد طارق کی قبر پر حاضری دی اور قبر پر پھولوں کے گلدستے چڑھائے۔بعد ازاں آئی جی پنجاب نے ڈی پی او راجن پور کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو جاری آپریشن ضرب آہن کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب دئیے۔قبل ازیں آئی جی پنجاب نے کوٹ مٹھن میں شہید محمد طارق کے گھر جاکر اُن کے ورثاء کو حکومت کی جانب سے معاوضہ کی رقم کا چیک دیا انہوں نے کوٹ مٹھن خواجہ غلام فرید ؒ کے دربار پر بھی حاضری دی اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے علاقہ کو جرائم پیشہ ڈاکوؤں سے پاک کر نے کے لئے ہر تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

مزید :

صفحہ اول -