اوورسیز کے لیے الگ عدالتوں کا قیام اور گرین چینل کی بحالی خوش آئند ہے:صدر پاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس نوید انور

نیو یارک ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس کے صدر نوید انور نے وزیر اعظم شہباز شریف کے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولیات پیکج دینے کا خیر مقدم کیا ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں اور ان کے بچوں کے لیے اقدامات پر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔گرین چینل کی بحالی، میڈیکل اور پیشہ وارانہ تعلیم میں کوٹہ، اوورسیز کے لیے الگ عدالتوں کا قیام خوش آئند ہے ۔ٹیکس میں چھوٹ اور اوورسیز پاکستانیوں کو فائلر قرار دینا درست سمت میں مثبت پیش رفت ہے ۔ان اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ پاکستان آنے والے پاکستانیوں کو عملی طور پر یہ سہولیات مل سکیں ۔
پاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس کے صدر نوید انور کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے گرین چینل شروع کیا تھا، بیرون ملک پاکستانیوں نے اسے سراہا تھا، امید ہے گرین چینل کا معیار وہی ہوگا جو نوازشریف دور میں تھا۔وزیر اعظم اور آرمی چیف کی گفتگو سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ایک نئی امید اور اعتماد ملا ہے۔تاریخ کی سب سے زیادہ ترسیلات بھجوانے کے موقع پر مراعاتی پیکج کا اعلان بیرون ملک پاکستانیوں کے حوصلے اور اعتماد مزید بڑھائے گا۔