اپنی ہونے والی ساس کے ساتھ فرار ہونے والے بیٹے کو والد نے عاق کر دیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں ایک نوجوان اپنی ہونے والی ساس کے ساتھ فرار ہو گیا، جس پر والد نے اُسے عاق کرتے ہوئے جائیداد سے بے دخل کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق راہول نامی نوجوان اپنی شادی کی تیاری کے لیے شیروانی خریدنے کے بہانے گھر سے نکلا لیکن واپس نہیں آیا۔
راہول کے والد کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے خاندان کی عزت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے اور اب بیٹے سے کسی قسم کا رشتہ رکھنا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راہول گھر سے زیورات اور نقدی بھی لے گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ راہول کی عمر 24 سال ہے جبکہ خاتون 34 سالہ ہے۔
نیوز 18 کے مطابق دلہن کے والد جتیندر کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ راہول اس سے پہلے بھی دو خواتین کے ساتھ فرار ہو چکا ہے، لیکن وہ بعد میں واپس آ گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج (16 اپریل کو) ان کی بیٹی کی شادی ہونا تھی لیکن خود ان کی بیوی کے اس عمل سے پورا خاندان صدمے میں ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شادی کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں، جن میں لاکھوں روپے کے زیورات اور نقدی شامل تھی، جو اب راہول اور خاتون کے ساتھ غائب ہیں۔ خاندان کی جانب سے پولیس میں رپورٹ درج کروا دی گئی ہے، اور جوڑے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر جوڑے کو اتراکھنڈ اور پھر گجرات میں دیکھا گیا لیکن وہ گرفتاری سے بچ نکلے۔ اب اطلاعات ہیں کہ وہ بہار میں موجود ہیں اور پولیس ٹیم وہاں روانہ ہو چکی ہے۔ علی گڑھ کے ڈی ایس پی مہیش کمار کے مطابق راہول کے رشتہ داروں اور قریبی افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ راہول کے بہنوئی نے فرار ہونے میں مدد دی ہے، تاہم اس نے الزامات سے انکار کیا ہے۔
راہول کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون نے ان کے بیٹے پر جادو ٹونا کیا ہے اور اس کے گلے اور کمر میں تعویذ باندھے تھے۔ پولیس کو جوڑے کے موبائل فون بند ملے ہیں، جس سے ان کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔