وفاقی وزیر احسن اقبال نے پست قد ٹیچر ثانیہ عباسی کو گھٹنوں پر بیٹھ کر بہترین استاد کا ایوارڈ پیش کر دیا

نارووال(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک کالج کی تقریب کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے گھٹنوں پر بیٹھ کر کالج میں سی ٹی آئی پڑھانے والی محض 36انچ طویل ثانیہ عباسی کو ایوارڈ پیش کیا، وفاقی وزیر کی جانب سے ثانیہ عباس کی ہمت، عزم اور تعلیم کا شاندار اعتراف کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ناروال میں ایک کالج کی تقریب میں نہایت ہی جذباتی لمحے میں نارووال کالج برائے خواتین کی باہمت استاد ثانیہ عباسی کو بہترین استاد کا ایوارڈ پیش کیا۔ اس تقریب کا سب سے یادگار لمحہ وہ تھا جب احسن اقبال نے ایوارڈ پیش کرتے وقت روایت سے ہٹ کر گھٹنوں پر بیٹھ کر ثانیہ کو عزت بخشی اور ان کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس منظر کو دیکھتے ہی ہال میں موجود ہر شخص نے تعریفی نعروں اور تالیوں سے وفاقی وزیر کے جذبے کو سراہا اور کالج کی لیکچرر ثانیہ عباس کے جذبے اور کالج میں ان کی بہترین خدمات پر انہیں داد وتحسین سے نوازا۔
محض 36 انچ قد رکھنے والی ثانیہ عباسی نے معاشرتی رکاوٹوں اور مالی مشکلات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنی تعلیم مکمل کی اور ایک قابل قدر استاد کے طور پر پہچان حاصل کی۔ ان کی کہانی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمت، حوصلہ اور محنت کسی بھی رکاوٹ کو شکست دے سکتی ہے۔ ایک ایسے معاشرے میں جہاں تعلیم بالخصوص لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کو اکثر مالی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے، ثانیہ عباسی کی کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ ہزاروں نوجوانوں کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔
احسن اقبال نے ہمیشہ اس خطے میں اعلیٰ تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی ہے۔ ان کی قیادت میں نارووال کو تعلیمی مرکز بنانے کے لیے بے پناہ کوششیں کی گئیں۔ نارووال میں یونیورسٹی آف نارووال، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نارووال اور ایک جدید میڈیکل کالج کا قیام انہی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ یہ ادارے خاص طور پر ان طالبات کے لیے قائم کیے گئے ہیں جن کے لیے دوسرے شہروں میں جا کر تعلیم حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔ آج ان تعلیمی اداروں میں 70 فیصد سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں، جو پہلے مالی و ثقافتی رکاوٹوں کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ جاتی تھیں۔
تعلیم کے علاوہ احسن اقبال نے علاج و معالجے اور کھیلوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ نارووال میں جدید ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جبکہ 2024 میں شروع کیا گیا کینسر ہسپتال اپنے تکمیل کے مراحل میں ہے اور جلد ہی عالمی معیار کی علاج کی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، ورلڈ کلاس اسپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی سہولت میسر آئے۔تقریب کے دوران، احسن اقبال نے تعلیم اور محنت کی طاقت پر زور دیتے ہوئے کہاانسان کے عزم کے سامنے دنیا کی کوئی طاقت رکاوٹ نہیں بن سکتی۔انہوں نے کہا کہ ثانیہ عباسی کی کہانی صرف ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ لاکھوں پاکستانی نوجوانوں کے لیے امید اور حوصلے کی علامت ہے۔ انہوں نے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے دروازے ہر طالب علم کے لیے کھلے ہونے چاہئیں، چاہے وہ کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتا ہو۔یہ لمحہ محض ایک ایوارڈ کی تقریب نہیں تھی بلکہ پاکستان میں تعلیم، خود انحصاری اور برابری کے اصولوں کی عکاسی تھی۔ یہ احسن اقبال کے وژن کی تکمیل کا ایک اور سنگ میل تھا جو نارووال کو ترقی، تعلیم اور خوشحالی کے سفر میں آگے لے جا رہا ہے۔