آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا ‘ پرویز رشید

آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا ‘ پرویز رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ،نشریات وقومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ قوم نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔ آپریشن ضرب عضب پاکستان کی سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، صولت مرزا کے انکشافات سے متعلق ثبوت عدالتوں میں پیش کئے جائیں گے ، پاک چائنا اقتصادی راہداری کی مخالفت پاکستان کے دشمن کر رہے ہیں، لوڈ شیڈنگ پرقابو پانے کیلئے حکومت ٹرانسمیشن لائنزکو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے ۔ جمعہ کو نیونیوز چینل کے آغاز کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف کسی پارٹی ، حکومت ، عوام کے گروپ یا کسی ادارے کا عہد ہے بلکہ پوری قوم نے پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں محبت اور برداشت سے بات کرنی چاہئے اور غصے میں نہیں آنا چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2013ء میں برسراقتدار آئی تو اسے بہت سارے مسائل ورثے میں ملے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے۔ہمیں ہر قیمت پر اس لعنت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو دہشتگردی سے بڑا نقصان ہوا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دہشتگردوں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں حکومتیں اپنے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ترجیحات مقررکرتی ہیں تاہم پاکستان میں ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نئے سکولوں، ہسپتالوں اور عوامی فلاحی منصوبوں کی تعمیر کیلئے وقت دیا جانا چاہئے نہ کہ اسے عدالتوں اور ڈی چوک جیسی سرگرمیوں میں کھینچنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ 2018ء انتخابات کا سال ہوگا اور پاکستان کے عوام بیلٹ کے ذریعے فیصلہ کریں گے کہ کیا حکومت ان کی توقعات پر پوری اتری ہے یا نہیں ۔

مزید :

صفحہ اول -