فساد تھوڑی دیر کنٹرول ہو جائے تو پاکستان مزید ترقی کریگا: عظمیٰ بخاری

فساد تھوڑی دیر کنٹرول ہو جائے تو پاکستان مزید ترقی کریگا: عظمیٰ بخاری
فساد تھوڑی دیر کنٹرول ہو جائے تو پاکستان مزید ترقی کریگا: عظمیٰ بخاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )  وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی واحد وزیراعلیٰ ہیں جن کو چین میں ہیڈ آف اسٹیٹ کا پروٹوکول ملا۔ کچھ لوگ اپنے پورے دور حکومت میں فون کال کا انتظار کرتے کرتے گھروں کو چلے گئے۔ اگر فساد کو تھوڑی دیر بریک لگ جائے تو پاکستان مزید ترقی کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرعلیٰ مریم نواز 8 سے 15 دسمبر تک چائنہ کے سرکاری دورے پر تھیں۔ وزیراعلیٰ نے چائنہ کے 4شہروں کا دورہ کیا جہاں ان کی مختلف میٹنگز تھیں۔ چین کے گورننس سسٹم کے لحاظ سے مسلم لیگ ن کو بطور پارٹی زیادہ ہائی لائٹ کیا گیا۔  چائنہ کے صدر شی جن پنگ کے بعد وائس چیئرمین کا عہدہ سب سے بڑا ہے، وائس چیئرمین نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے آدھے گھنٹے کی ملاقات شیڈول کی لیکن انہوں نے ایک گھنٹے کا وقت دیا۔ مریم نواز کے بارے میں کہا گیا وہ آنے والے وقت میں بڑی لیڈر کے طور پر شمار ہوں گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے زرعی آلات بنانے والے کمپنی کا دورہ بھی کیا۔  چین کے ٹریکٹرز روبوٹکس ہیں۔اب ہمارے کسانوں کے پاس بھی وہ آلات ہوں گے جو پوری دنیا میں استعمال ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے چائنہ کو پنجاب میں ٹرانسپورٹ پر کام کرنے کہ دعوت دی ہے۔ ہمیں 700 کے قریب چائنہ سے الیکٹرک بسیں خریدنی ہیں۔  بہت جلد الیکٹرک بسوں کا پہلا فلیٹ لاہور پہنچنے والا ہے۔ہم نے 5 سالہ منصوبہ بنایا ہے جس میں ہمیں ساری ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک پر شفٹ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چینی کمپنی جنکو کو پنجاب میں سولر پلانٹ لگانے کی اجازت دی ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے 60 سے زیادہ کمپنیوں کا ریسپانس بہت اچھا تھا۔50 کروڑ ڈالر سے پنجاب میں کچھ منصوبے چلائے جائیں گے۔

وزیراطلاعات کا  مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے کچھ خدشات رہتے ہیں، وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے، آپ جلد پنجاب میں چینی کمپنیوں کو کام کرتا دیکھیں گے، مریم نواز نے لاہور کو جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا پلان بنایا ہے، لاہور جلد جدید ترین سمارٹ سٹی ہوگا۔اراکین صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2019 میں اراکین صوبائی اسمبلی کی تنخواہیں بڑھی تھیں۔ اور میرے علم کے مطابق وزرا کی تنخواہو ں میں ساڑھے 3 لاکھ روپے ٹیکس دینا ہے۔ اب اگر ایک لاکھ 90 ہزار تنخواہ میں گزارا ہوتا ہے تو بتائیں۔ اگر کوئی اور ذرائع آمدن نہیں تو اچھی تنخواہ ملنا بری بات نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز تنخواہ نہیں لیتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کو جلد لاہور کی سڑکوں پر چارجنگ اسٹیشن بھی نظر آئیں گے، بچوں کو دی جانے والی الیکٹرک بائیکس کیلئے جلد چارجنگ اسٹیشنز بنیں گے۔مریم نواز چین سے کینسر کے علاج کی جدید ٹیکنالوجی لیکر آ رہی ہیں۔ نواز شریف کینسر اسپتال ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہو گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کو جدید ترین صوبہ بنانے کا عہد کیا ہے۔