جلوس کی وجہ سے راستہ بند ہونے پر ٹریفک پولیس متبادل راستوں کو یقینی بنائے، عوام کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے: عظمیٰ بخاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عاشورہ محرم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کی خاطر ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزراء کو محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی،پیچ ورک،تجاوزات اور وال چاکنگ کے صفایا،لائٹنگ کے انتظامات اور سیکیورٹی و دیگرضروری انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں مجالس کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔پاک آرمی اور رینجرز کے دستے بھی پولیس کی معاونت کیلئے موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پورے صوبے میں عزاداروں کے لئےسبیلیں اور کھانے کا اہتمام پہلی بار کیا جارہا ہے جنکے معیار کو چیک کرنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرجلوسوں میں شریک خواتین، بزرگوں اور بچوں کی خدمت کے لئے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ عزاداروں کو فسٹ ایڈ دینے کیلئے جلوسوں کے ساتھ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کا تربیت یافتہ عملہ موجود ہے ۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جلوس کی وجہ سے راستہ بند ہونے پر ٹریفک پولیس متبادل راستوں کو یقینی بنایا جائے، عوام کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے ۔کسی کو بھی سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد کی اجازت نہیں دی سکتی۔ پاکستان ہم سب کا ہے کسی کو نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اس موقع پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بارشوں میں جلوس روٹ پر نکاسیٗ آب کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انکا کہنا تھا کہ بارش کی صورت میں انتظامیہ اپنا پلان تیار رکھے۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، بارشی پانی کی نکاسی ، پیچ ورک،تجاوزات اور وال چاکنگ کے صفایا،لائٹنگ کے انتظامات اور سیکیورٹی و دیگرضروری انتظامات کا جائزہ لیا اورموقع پر بریفنگ لی۔
مزید براں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے انتظامی و حفاظتی اقدامات کو تسلی بخش ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کا مشن جاری ہے۔ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔فرقہ ورانہ ہم آہنگی، اتحاد اور امن عامہ کیلئے علماءکرام کا کردار نہایت اہم ہے۔علماءکرام قومی یکجہتی، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے بعد تحصیل گوجرہ کا دورہ کیا ۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا گوجرہ دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اس سال محرم الحرام پر مثالی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام کابینہ کے ممبران اضلاع کے وزٹ کرکے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عاشورہ کنٹرول رومزکوخود مانیٹر کررہی ہیں۔ہم امت محمدی ہیں، ہم پر امن ہیں۔ کسی کو بھی انتشار پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔