سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی عمران خان سے ملاقاتوں کے کیسز یکجا کرنے کی درخواست منظور

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے کیسز یکجا کرنے کی درخواست منظور کر لی۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفرازڈوگر نے رجسٹرارآفس کے اعتراضات کےساتھ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے کیسز یکجا کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے ایس اوپیز انٹرا کورٹ اپیل میں طے ہوچکے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی درخواستیں مختلف بینچزمیں سماعت کےلئے مقررہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے وکیل کا کہنا تھاکہ ہفتہ میں 5 دن میرے موکل کو اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہونا پڑتا ہے، ایک ہی بینچ میں کیسزمقرر ہونے سے وہ ایک ہی مرتبہ پیش ہوجایاکریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں سے متعلق کیسز یکجا کرنے کی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے لارجر بینچ بنانے کی ہدایت کردی۔