کیا بھوت واقعی ہوتے ہیں؟ خاتون نے اپنے گھر کا ایسا قصہ سنا دیا کہ حیرت کی انتہا نہ رہے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) بھوت پریت پر بعض لوگ یقین رکھتے ہیں مگر اکثریت اسے محض افسانہ خیال کرتی ہے تاہم ایک امریکی خاتون نے ویب سائٹRedditپر اس حوالے سے اپنے ساتھ پیش آنے والا ایسا واقعہ سنایا ہے کہ بھوت پریت پر یقین نہ رکھنے والے بھی سن کر خوفزدہ رہ جائیں۔ کیتھی سٹورٹ نامی اس خاتون نے بتایا ہے کہ ان کے گھر میں ایک خاتون کا بھوت رہتا ہے۔ اس نے پہلی بار اس بھوت کو اس وقت دیکھا جب اس کی عمر 16سال تھی۔
کیتھی بتاتی ہے کہ وہ دن کا وقت تھا اور کمرے کی لائٹ بھی آن تھی۔ میں صوفے پر بیٹھی تھی کہ اچانک میرے سامنے دیوار کے پاس میں نے ایک خاتون کو دیکھا۔ وہ خاتون مجھے اچھی طرح نظر آ رہی تھی۔ ایسے لگ رہا تھا جیسے گوشت پوست کی اصلی عورت ہو۔ وہ اندازاً 10سیکنڈ تک مجھے نظر آتی رہی اور میں مبہوت اسے دیکھتی رہی۔ پھر وہ دھوئیں کی طرح آہستہ آہستہ مگر اچانک غائب ہو گئی۔
کیتھی اپنی پوسٹ میں لکھتی ہے کہ یہ معاملہ دیکھ کر میں خوف سے کانپنے لگی اور دوڑتی ہوئی اس کمرے سے نکل کر اپنے بیڈروم میں چلی گئی اور گھنٹوں تک اپنے بیڈروم سے باہر نہیں نکلی۔ اس واقعے کے کئی ہفتے بعد تک میں اس کمرے میں نہیں گئی جہاں میں نے اس بھوت کو دیکھا تھا۔تاہم اس کے بعد میں نے بھوت پریت کے متعلق بہت تحقیق کی۔
کیتھی بتاتی ہے کہ اس کے بعد میرے گھر کے دیگر لوگ بھی اس عورت کو ہمارے گھر کے مختلف حصوں میں دیکھ چکے ہیں۔ میری والدہ اور میرے شوہر کو بھی یہ عورت نظر آ چکی ہے اور اب مزید ہمیں اس سے کوئی خوف نہیں آتا۔اب رات کے وقت ہمارے گھر میں جو عجیب چیزیں ہوتی ہیں، مجھے ان سے بھی خوف نہیں آتا۔ تاہم جس طرح کی چیزیں ہوتی ہیں، ان پر مجھے حیرت ضرور ہوتی ہے۔