ملک و قوم اور جمہوریت کے بہترین مفاد میں نواز شریف فی الفور مستعفٰی ہو جائیں : اپوزیشن
اسلام آباد(آن لائن) اپو زیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے استعفے کے مطالبہ پر حزب اختلاف کی جماعتیں متفق ہیں ،ملک و قوم اور جمہوریت کے بہترین مفاد میں نوازشریف فوری طور پر مستعفی ہوجائیں،امید ہے ملک و قوم کی سلامتی اور بقاء کیلئے عدالت بہترین فیصلہ دے گی،جے آئی ٹی رپورٹ کے ہر صفحے پر کرپشن کا ذکر موجود ہے لیکن حکومت ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے، سپریم کورٹ سے ثبوت اور تابوت ایک ساتھ نکلیں گے ، پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جے آئی ٹی کو برا بھلا کہنے والے آج سپریم کورٹ کو برا بھلا کہہ رہے ہیں ، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ان لوگوں کو ایسے مشورے کون دے رہا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا نہیں کہ وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ صرف ایک جماعت کا ہے بلکہ تمام اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم کے استعفے پر متفق ہیں اور ملک و قوم کے علاوہ جمہوریت کے بہترین مفاد میں بھی یہی ہے کہ وزیر اعظم فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ خدا کے بعد ہمیں ملک کی اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ بھی قبول کرنا ہوگا اور امید ہے کہ ملک و قوم کی سلامتی اور بقا کیلئے عدالت ایسا فیصلہ دے گی جو بہترین ہوگا ، انہوں نے کہا کہ اس وقت حالات کا تقاضا یہی ہے کہ وزیر اعظم فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے ہر صفحے پر کرپشن کا ذکر موجود ہے ، جے آئی ٹی نے 60 دنوں میں بہترین کام کیا اور تمام تر حقائق سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے نواز شریف اور ان کے خاندان کا احتساب کیا جائے اور اس کے بعد ان لوگوں کا جنہوں نے اس قوم کو مشکل حالات میں ڈالا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ ہم حکومت کو یہ باور کروا دینا چاہتے ہیں کہ یہ آزاد عدلیہ ہے ، اگر حکومت نے عدلیہ پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو انہیں معلوم ہوجائے گا کہ یہ چنے لوہے کے ہیں جنہیں چبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دو ججز وزیر اعظم کو نااہل قرار دے چکے ہیں اور اگر تیسرے نے بھی ان کو نااہل قرار دے دیا۔ اس کے علاوہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں شہباز شریف کے خلاف ثبوت پیش کئے ہیں اور ان ثبوتوں کی روشنی میں شہباز شریف کو کسی بھی وقت نااہل قرار دیا جاسکتا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سیاسی بحران کی کیفیت طاری ہے ، جے آئی ٹی رپورٹ نے ثابت کر دیا کہ وزیر اعظم کرپٹ ہیں ، اب انہیں تاخیر کی بجائے فوری مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا مزید کرسی پر رہنا ملک کیلئے خطرے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وزیر اعظم اب خود استعفیٰ نہیں دیں گے ان سے استعفیٰ لینا پڑے گا۔ ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ یہ کیس اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیر اعظم کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں بچا کہ وہ عہدے پر فائز رہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ اس وقت ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ملک کو بحرانوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کرے گا ، انہوں نے کہا کہ جس شخص نے اپنے عہدے سے غداری کی وہ عہدے پر رہنے کا حقدار نہیں۔
اپوزیشن