پاک فوج اور سعودی فورسز کی مظفر گڑھ میں مشترکہ تربیتی مشقیں
مظفر گڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن )ملتان کور کے زیر اہتمام مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔سماکے مطابق اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملتان کور کے زیر اہتمام مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری ٹریننگ کی گئی، دونوں افواج نے بھرپور طریقے سے تربیت میں حصہ لیا اور نہایت خوش اسلوبی اور بلند جذبے کے ساتھ ٹریننگ سے مستفید ہوئے۔
یہ تربیتی مشقیں پا ک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کو اپنی صلاحیتوں کو ہم آہنگ کرنے، مہارت کا تبادلہ کرنے اور تجربات کے ذریعے اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے ایک منفرد ذریعہ فراہم کریں گی۔اس تربیتی پروگرام میں مشترکہ بیٹل پی ٹی، چھو ٹے پیمانے پر آپریشنز، روم کلیئرنس، نزدیک سے نشانہ بازی، فائرنگ اور رپیلنگ کے ساتھ ساتھ اور بھی جدید مشقیں کی گئیں، ان مشقوں میں کوبرا ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔
دونوں فورسز نے دہشت گردی کے تناظر میں ہیلی کاپٹر سے ماو¿نٹنگ اور ڈس ماو¿نٹنگ کی مشقوں پر عبور حاصل کرنے کے لئے سخت ٹریننگ کی، ان مشقوں کے ذریعے خطے میں دہشت گردی کے واقعات کو کم کرنے میں خاصی مدد ملے گی اور امن لانے کی طرف ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔