لندن سے بیٹی کی سالگرہ منانے آئے  شخص کو  بیوی اور اس کے آشنا نے 15 ٹکڑوں میں کاٹ ڈالا

لندن سے بیٹی کی سالگرہ منانے آئے  شخص کو  بیوی اور اس کے آشنا نے 15 ٹکڑوں میں ...
لندن سے بیٹی کی سالگرہ منانے آئے  شخص کو  بیوی اور اس کے آشنا نے 15 ٹکڑوں میں کاٹ ڈالا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش  کے ضلع میرٹھ میں ایک چونکا دینے والا قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں 27 سالہ خاتون اور اس کے آشنا نے مل کر اس کے شوہر کو قتل کر کے لاش کے 15 ٹکڑے کر دیے۔ پولیس کے مطابق مقتول 29 سالہ سوربھ راجپوت مرچنٹ نیوی میں ملازمت کرتا تھا اور لندن میں مقیم تھا۔ وہ 28 فروری کو اپنی چھ سالہ بیٹی کی سالگرہ کے لیے وطن واپس آیا تھا لیکن چند روز بعد ہی اسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ سوربھ کی بیوی مسکان اور اس کے 25 سالہ آشنا ساحل نے 4 مارچ کو مل کر اسے چاقو کے وار کر کے قتل کیا، پھر لاش کے ٹکڑے کر کے انہیں ایک ڈرم میں سیمنٹ کے ساتھ بند کر دیا۔ قتل کے بعد دونوں ملزمان منالی گھومنے چلے گئے۔ قتل کے بعد مسکان نے مقتول کے موبائل فون اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے اس کے اہل خانہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ وہ مسلسل پیغامات اور تصاویر شیئر کرتی رہی تاکہ یہ ظاہر ہو کہ سوربھ زندہ اور خیریت سے ہے۔

سوربھ کے اہل خانہ کو شبہ تب  ہوا جب ان کی کالز کا جواب نہیں ملا جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے تفتیش کے دوران مسکان اور ساحل کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی، جس میں دونوں نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے مقتول کی باقیات برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیں اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق سوربھ اور مسکان نے 2016 میں لو میرج کی تھی جس کے بعد سوربھ نے اپنی بیوی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے مرچنٹ نیوی کی نوکری چھوڑ دی تھی۔ تاہم اس کے اہل خانہ اس فیصلے سے ناخوش تھے۔ بعد میں یہ جوڑا میرٹھ کے اندرا نگر فیز ون  میں کرائے کے مکان میں رہنے لگا اور 2019 میں ان کی بیٹی پیدا ہوئی۔ بعد ازاں سوربھ کو مسکان کے ساحل کے ساتھ تعلقات کا علم ہوا، جس کے بعد ان کے رشتے میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔ حالات بگڑنے پر سوربھ نے مرچنٹ نیوی میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کیا، لیکن بیوی اور اس کے آشنا نے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔