’’حادثات سے بچاؤ مہم‘‘ایک ہفتہ میں54تعلیمی اداروں میں آگاہی لیکچر

’’حادثات سے بچاؤ مہم‘‘ایک ہفتہ میں54تعلیمی اداروں میں آگاہی لیکچر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ ہیلمٹ کی افادیت ،ون وے ٹریفک ،سگنل اورلین لائن کی خلاف ورزی سے ہونے والے نقصانات سے آگاہی اور کم عمر ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی کیلئے ٹریفک آگاہی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ایک ہفتہ کے دوران ایجوکیشن یونٹ اور روڈ سیفٹی آفیسرز نے 54مختلف سکولز،کالجزاور اکیڈمیز میں ٹریفک آگاہی لیکچرز دیئے جن میں ہزاروں طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین کی اہمیت اورٹریفک شعور بارے آگاہی دی۔مہم کے دوران شہریوں میں فری ہیلمٹ اور بیک ویو مررز بھی تقسیم کئے گئے جبکہ مختلف چوک ،چوراہوں میں42ہزار سے زائدپمفلٹس تقسیم کئے گئے۔کم عمر ڈرائیورز کیخلاف مہم کے دوران 3451گاڑیوں،موٹر سائیکلوں،رکشوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے جبکہ765موٹرسائیکلوں کا شہر کے مختلف تھانوں میں بند کروایا گیا،326کم عمرڈرائیورز کے والدین کی طرف سے ذاتی مچلکے جمع کروانے پر رہا کیا گیا۔ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر 8053وہیکلز کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں23ستمبر سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکلسٹ کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائیگا۔ان کا مزید کہناتھا کہ شہریوں کو روز بروز الیکٹرانک ،پرنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ہیلمٹ کی افادیت بارے آگاہی دی جا رہی ہے جس کامقصد شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانا ہے۔ علاوہ ازیں شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی موثر روانی کیلئے ’’روڈ فسیلیٹیشن یونٹ‘‘ تشکیل دیا گیا ہے۔
مال روڈ،جیل روڈ،فیروزپور روڈ،علامہ اقبال روڈ اور کینال روڈ کو مختلف حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے انسپکٹر رینک کے پٹرولنگ افسران تعینات کئے گئے جو حادثہ،مدد،ٹریفک جام ہونے کیصورت میں فوری شہریوں کی مدداور راہنمائی کو یقینی بنانے کے پابند ہونگے۔ اس کے علاوہ ان روڈز پر تجاوزات،رانگ پارکنگ اورموونگ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی کریں گے۔ بیکاریوں،چیل گوشت سمیت ایسی تمام اشیاء بیچنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کریں گے جو شہریوں کیلئے رکاوٹ اور ٹریفک جام کا سبب بنتی ہوں۔سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس کا مقصد شہریوں کیلئے دوران سفر روڈز پر آسانیاں پیدا کرنا ہے،ایسی تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائیگا۔

مزید :

علاقائی -