وہ آزادارکان جو ایک سیاسی جماعت کا حصہ بن گئے انہیں پارٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،سپیکر قومی اسمبلی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مخصوص نشستوں سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سپیکر نے خط میں کہاہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے،سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے وہ آزادارکان کو کسی اور پارٹی میں شمولیت کی اجازت دے،خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی خودمختاری قائم رکھتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں ۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پارلیمنٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 7اگست کو منظور کیا،پارلیمنٹ کا منطور کردہ ایکٹ صدر کے دستخط کے بعد نافذ العمل ہو گیا ہے،سپیکر قومی اسمبلی نے خط میں کہا ہے کہ ایکٹ پر عملدرآمد کئے بغیر الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں کر سکتا،اب ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ موجود رہے گا، پہلے والے ایکٹ سے بالا ہوگا،سپریم کورٹ کافیصلہ ماضی کے ایکٹ کے تحت تھا جواب قابل اطلاق نہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایکٹ کے تحت جس رکن نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی سرٹیفکیٹ نہیں دیا وہ آزاد تصور ہوگا، وہ آزادارکان جو ایک سیاسی جماعت کا حصہ بن گئے انہیں پارٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پارلیمنٹ، جمہوری اصولوں کی بالادستی کو یقینی بنائے۔
سپیکر نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کے بنائے گئے قوانین پر عملدرآمد کرے،یہ میری رائے نہیں ، اس پر سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں، سپیکر نے کہاکہ عدالتی فیصلے کا تاثر یہ ہے کسی جماعت کے رکن کو دوسری جماعت میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔