پاکستان تحریک انصاف کاحکومت کے خلاف عنقریب ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف عنقریب ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی نے حکومت کیخلاف جلد ملک گیر مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 تاریخ کو اسلام آباد میں عظیم الشان جلسہ ہوگا، پورے ملک سے کارکن شر یک ہونگے،امید ہے انتظامیہ جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی، پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔گرینڈ اپوزیشن قیادت کا22 اگست جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے شرکت کی۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شبلی فراز اور صاحبزادہ حامد رضا بھی شریک ہوئے، 22 اگست کے اسلام آباد میں جلسے کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانی پی ٹی آئی سے متعلق تازہ فیصلہ بھی زیر غور آیا، اجلاس کے شرکا نے پارلیمنٹ میں حکومت کے کردار پر تشویش کا اظہار کیا۔