طالبعلم حیات بلوچ کے قاتل ایف سی اہلکار کو سزائے موت سنادی گئی
تربت (ڈیلی پاکستان آن لائن) مقامی عدالت نے طالبعلم حیات بلوچ کو قتل کرنے والے فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکار شادی اللہ کو سزائے موت سنادی۔
آج (بدھ کو) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تربت رفیق لانگو نے ایف سی اہلکار شادی اللہ اور مقتول حیات بلوچ کے بھائی مراد بلوچ کی موجودگی میں ایف سی اہلکار کو سزائے موت سنائی۔
شادی اللہ نے 13 اگست 2020 کو تربت میں ایف سی قافلے پر بم دھماکے کے بعد کھجوروں کے باغ میں کام کرنے والے حیات بلوچ کو فائرنگ کرکے والدین کی آنکھوں کے سامنے قتل کردیا تھا۔ آئی جی ایف سی کے حکم پر اہلکار کے خلاف محکمانہ انکوائری میں جرم ثابت ہونے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔