اسلام آباد ہائیکورٹ میں نوازشریف کی پیشی، رجسٹرار آفس نے قواعدوضوابط سے متعلق سرکلر جاری کردیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزاکیخلاف اپیلوں اور نوازشریف کی پیشی کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے قواعدوضوابط سے متعلق سرکلر جاری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سرکلر میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کل اپیلوں پر سماعت کرینگے،آئی جی اسلام آباد نوازشریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں، کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ سکیورٹی پاسز سے مشروط ہو گا۔
سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی قانونی ٹیم کے 15وکلا کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی،اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے 5،5سرکاری وکلا کو داخلے کی اجازت ہو گی،اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین انٹری پاسز سے مستثنیٰ ہوں گے۔