جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آج بلوچستان اسمبلی میں پیش کی جائے گی
کوئٹہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں آج وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی ۔
بلوچستان اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کی صدارت سپیکر عبدالقدوس بزنجو کریں گے ، اجلا س میں جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی جس پر 14 ناراض ارکان کے دستخط موجود ہیں ۔ ناراض اور اپوزیشن ارکان آج کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر اپنے موقف پیش کریں گے ۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی وزیر اعلیٰ جام کمال کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کچھ وقت دیں گے جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کی تاریخ کا اعلان کریں گے ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما ظہور احمد بلیدی کے مطابق ہم نے 36 ممبر شو کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ 65 ارکان کے ایوان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو 33 ارکان کی حمایت درکار ہے ۔ اسی طرح تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے ناراض اور اپوزیشن ارکان کو بھی 33 ووٹ درکار ہیں ۔