سبزیوں کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ کیا جائے،ماہرین
سرگودھا(اے پی پی )ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ سبزیوں کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ کیا جائے ۔ جدید تحقیق کے مطابق خوراک میں سبزیوں کا استعما ل اشد ضروری ہے ۔
ماہرین کے مطابق انسانی خوراک میں سبزیوں کا استعمال 300 سے 350 گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے جبکہ ہمارے ملک میں یہ مقدار 100 سے150گرام فی کس روزانہ ہے جس کی وجہ سے انسانی بیماریوں اور صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔سبزیوں کا روزانہ استعمال انسانی جسم کی نشوونماکے لیے از حد مفید ہے۔ ان میں نشاستہ لحمیات، حیاتین، سی۔ای۔بی۔ ڈی اور معدنی نمکیات کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو معدے کو قوت بخشتے ہیں، نظام ہاضمہ کو درست کرتے ہیں اور انتڑیوں کے امراض میں بے حد مفید ثابت ہوتے ہیں۔ سبزیاں نہ صر ف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہیں بلکہ جسم کے زہریلے اور فاسد مادوں کے اخراج کابھی سبب بنتی ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ سبزیوں کی کاشت کو فروغ دیں تاکہ وہ اپنی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صحت مند و توانا رکھنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔