پی ٹی آئی کا جلسہ کہاں ہو گا؟ بالآخر حتمی فیصلہ ہو گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایس او پیز کے ساتھ جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا، لیکن مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔"جیونیوز" کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو لاہور رنگ روڈ، کاہنہ پر دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس رپورٹس اور اسلام آباد جلسے کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا تھا۔
دوسری جانب لاہور میں مینارِ پاکستان میں بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں اور شہریوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔گریٹر اقبال پارک کے تمام گیٹ بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پاکستان تحریکِ انصاف کی لاہور میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔