فارمنائٹس ہاؤسنگ سوسائٹی کے فراڈ میں ملوث ملزم غفور وٹو گرفتار

فارمنائٹس ہاؤسنگ سوسائٹی کے فراڈ میں ملوث ملزم غفور وٹو گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی، اپنے نامہ نگار سے)لاہور ہائیکورٹ نے فارمنائٹس ہاؤسنگ سوسائٹی کے 680ملین کے فراڈ میں ملوث دوسرے مرکزی ملزم غفور وٹو کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی، نیب نے ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیاہے۔جسٹس مظہر اقبال سدھو کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے ملزم غفور وٹو کی عبوری ضمانت کی درخواست پرسماعت کی، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب پنجاب فارمنائٹس ہاؤسنگ سوسائٹی کے پلاٹوں کی خریدوفروخت میں 680ملین کے فراڈ کی تحقیقات کر رہا ہے جس میں درخواست گزار کے بھائی ظہور وٹو پہلے ہی گرفتار ہیں، درخواست گزار غفور وٹوکا سوسائٹی کے لین دین سے کوئی تعلق نہیں ہے مگر پھر بھی نیب غفور وٹو کو گرفتار کرنا چاہ رہا ہے لہذا عبوری ضمانت منظور کی جائے، ایڈیشنل ڈپٹی پراسکیوٹر نیب عارف محمود رانا نے بنچ کے روبرو ریکارڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملزم غفور وٹو کو تحقیقات کے دوران دوسرا مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے، غفور وٹواور ظہور وٹودونوں بھائیوں نے فارمنائٹس ہاؤسنگ سوسائٹی میں سینکڑوں شہریوں سے پلاٹوں کی خریدوفروخت کے نام پر پیسہ لوٹا، فراڈ کی رقم غفور وٹو کے بینک اکاؤنٹس میں بھی آتی جاتی رہی، مجوعی طور پر دونوں بھائیوں اور دیگر ملزموں نے عوام الناس سے 680ملین کا فراڈ کیا، فاضل بنچ نے دونوں طرف سے تفصیلی دلائل سننے کے بعد غفور وٹو کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی، کمرہ عدالت سے باہر نکلتے ہی نیب نے غفور وٹو کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیاہے۔

مزید :

صفحہ آخر -