ذوالفقار بھٹو کی شہادت بڑا سانحہ، 46 ویں برسی بھرپور انداز میں منائیں گے، مراد علی شاہ

کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو مسلم دنیا کے عظیم لیڈ رتھے، ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت مسلم دنیا کا بہت بڑا سانحہ تھا، شہید عوام کی برسی کا پروگرام بھرپور انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے 46 ویں یوم شہادت کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور دیگر نے شرکت کی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی اور ڈی آئی جی لاڑکانہ اور دیگر بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے، شہید بھٹو کے برسی پروگرام کے انتظامات سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کو کمشنر لاڑکانہ طاہر سانگی نے بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ جلسہ میں آنے والے عوام کے لئے ضروری سہولیات کے انتظامات کئے جائیں، پارکنگ کے خصوصی انتظامات ہوں تاکہ کسی کو تکلیف نہ ہو۔
مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ جلسہ گاہ میں آنے اور جانے والے راستوں کو الگ رکھا جائے تاکہ ٹریفک جام نہ ہو، پینے کا پانی، واش رومز اور دیگر سہولیات کا بہتر انتظام کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 4 اپریل کے پروگرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔