چارسدہ میں دہشت گردی قابل مذمت ہے ،فریال تالپور
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ایم این اے فریال تالپور نے بدھ کو باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں ہونے والے بدترین دہشت گردی کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 سے زائد بے گناہ طلباوطالبات اور اساتذہ کی شہادت کو قوم کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی ختم کرنے کے لئے انتہا پسندی اور شدت پسندی کا خاتمہ ضروری ہے۔ وہ آج یہاں کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم کے صاحبزادے وصوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں سے گفتگو کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو نیک نیتی سے یقینی بنائیں تاکہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جاری ضرب عضب جلد از جلد کامیابی سے ہمکنار ہو۔ انہوں نے چار سدہ یونیورسٹی میں دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اپنے گہرے دکھ اور رنج وغم کا بھی اظہار کیااور ان کیلئے دعائے مغفرت بھی کی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پرانہوں نے مخدوم جمیل الزماں کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم مرحوم کی خالی ہونے والی نشست این اے 218پرمخدوم سعید الزماں کی شاندار کامیابی پر مبارکباد بھی دی اور سیاسی ودیگر امور پر گفتگو کی۔