محکمہ داخلہ پنجاب میں میرٹ کی بالادستی،ناقص کارکردگی پر پروبیشن آفیسر چکوال معطل

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق محکمہ داخلہ میں میرٹ کی بالادستی، ناقص کارکردگی پر پروبیشن آفیسر چکوال علی نواز کو معطل کر دیا گیا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پروبیشن آفیسر چکوال علی نواز کو فرائض کی انجام دہی میں غفلت، نااہلی اور بدانتظامی پر معطل کیا گیا۔ پروبیشن آفیسر راولپنڈی عمر بختیار کو پروبیشن آفیسر چکوال کا اضافی چارج دیدیا گیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پروبیشن اینڈ پیرول آفیسر ملزمان کی کردار سازی اور کاؤنسلنگ کے ذمہ دار ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے فرائض کی بہتر انجام دہی کیلئے قواعد و ضوابط جاری کر رکھے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی ہدایت پر محکمے کی ٹیم مختلف اضلاع کی انسپکشن کر رہی ہے۔ چکوال میں بدانتظامی اور غفلت کی رپورٹ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ (پریزن) عاصم رضا نے بھجوائی جس پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نے معطلی کے احکامات جاری کیے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔