تھرمیں ہندوؤں کی بھی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں،حافظ محمد سعید

تھرمیں ہندوؤں کی بھی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں،حافظ محمد سعید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مٹھی (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں مسلمانوں سمیت ہندوؤں کی بھی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں۔ ہمارا مطمح نظر امن کا قیام اور ظلم کا خاتمہ ہے۔ گجرات اور احمد آباد میں مسلم کش فسادات کا ذمہ دار نریندر مودی سندھ کے ہندوؤں کو بھارت آنے کی دعوت دے رہا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں، جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ ہیں۔ امریکا کی افغانستان میں شکست اس بات کا واضح اظہار ہے کہ جو انصاف کرے گا وہ زندہ رہے گا۔ بھارت اگر امن چاہتا ہے تو ظلم کا راستہ ترک کرکے مسلمانوں کے حقوق انہیں فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھر پارکر کے ضلعی صدر مقام مٹھی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف، جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ خالد ولید، مرکزی ناظم اطلاعات یحییٰ مجاہد، جماعۃ الدعوۃ سندھ کے امیر فیصل ندیم،جماعۃ الدعوۃ کرچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جماعۃ الدعوۃ شعبہ دعوت و اصلاح سندھ کے ناظم حافظ محمد انورسمیت مقامی افراد، ہندو برادری اور دیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ جلسہ عام میں تھر پارکر کے تمام تحصیلوں اور دور دراز گوٹھوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ قبل ازیں حافظ محمد سعید نے ڈسٹرک ہسپتال مٹھی کے دورے کے علاوہ تھرپارکر کے مختلف گوٹھوں کا بھی دورہ کیا اور متاثرین کے مسائل سنے۔ انہوں نے نئے تعمیر کیے گئے کنوؤں کا افتتاح کیا اور بیوگان میں بکریاں، سلائی مشینیں اور متاثرین میں راشن پیک، کپڑے اور جوتے بھی تقسیم کیے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن روز اول سے تھرپارکر میں رفاہی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہیں۔ قحط زدہ علاقوں میں ڈسپنسریاں قائم کرکے مزید وسیع پیمانے پر طبی امداد اور مفت ادویات فراہم کریں گے۔ ایف آئی ایف واٹر پروجیکٹ کے تحت پانچ سو کنویں تعمیر کرچکے ہیں، پانی کی فراہمی کے لیے مزید گیارہ سو کنوؤں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور رفاہی نتظیمیں آگے بڑھ کر متاثرین کی بحالی کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کرے۔ جماعۃ الدعوۃ کسی لالچ اور مفادات کے بغیر متاثرین کے درد کو محسوس کرکے رضائے الہی کے حصول کے لیے صحرائے تھر میں امدادی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہیں۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوؤں کی خدمت انسانیت کے جذبے کے تحت کر رہے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ بھارت ہمارے دریاؤں پر ڈیم بناکر پاکستان کی سرزمین کو بنجر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان میں بجلی بحران اور قحط سالی کا خاتمہ بھارت سے اپنے پانیوں کو آزاد کرانے کے بعد ہی ممکن ہے۔ بھارت کے صحرائی خطے سرسبز اسی لیے ہیں کہ وہ ہمارا پانی چوری کرکے اپنے زمینوں کو سیراب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ذمہ داران اور جماعتوں کے سربراہان سب مل کر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں۔ بھارت پاکستان میں انتشار پھیلاکر اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کی راہ ہموار کرنا چاہتا ہے۔ کشمیر کی آزادی سمیت تمام تر حقوق کی فراہمی تک جماعۃ الدعوۃ کی جدوجہد جاری رہے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -