اسلام آباد ہائیکورٹ ، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس طلب ، نیب اور سپرنڈنٹ جیل کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ ، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس طلب ، نیب اور سپرنڈنٹ جیل کو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کے سلسلے میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست پر سابق وزیراعظم کی تمام میڈیکل رپورٹس6فروری کو طلب کر تے ہوئے نیب اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو نوٹس جاری کر دیئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست پر گزشتہ روزسماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران جسٹس عامرفاروق نے استفسار کیا کہ کیا کوئی نیا میڈیکل بورڈ نہیں بنایا گیا جس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حار ث نے کہا کہ ٹی وی پرنئے میڈیکل بورڈ کا سنا ہے، جس پرجسٹس عامرفاروق نے استفسار کیا کہ کیا کوئی علاج رپورٹ میں تجویزکیا گیا ہے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ ایک رپورٹ نوازشریف کے عارضہ قلب میں مبتلاہونے کی ہے، اس میں طبی بنیادوں پرسزا معطلی مانگی گئی ہے کیونکہ نوازشریف کی فیملی کوان کی صحت سے متعلق تشویش ہے۔عدالت نے خواجہ حارث سے استفسارکیا کہ اس درخواست کو علیحدہ سے سن لیں جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ آئندہ سوموار کو سزا معطلی درخواست سماعت کیلئے مقررکرلیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جو میڈیکل بورڈ بنایا گیا اس کی رپورٹ ابھی آئے گی یا آگئی ہے۔ خواجہ حارث نے استدعا کی کہ جو رپورٹس آچکی ہیں وہ عدالت یہاں منگوا لے، رپورٹس ہمیں ملی ہیں لیکن مکمل نہیں ملیں، جو نیا بورڈ بنایا گیا اس کی رپورٹ بھی عدالت منگوالے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا کہنا ہے ابھی تین رپورٹس آن فیلڈ ہیں، کیا کوئی علاج رپورٹ میں تجویزکیا گیا ہے، تیسرے بورڈ کی رپورٹ آجائے تو اس کو دیکھ لیتے ہیں کہ کیا تجویزہے۔ سماعت کے دوران خواجہ حارث نے دونوں میڈیکل بورڈز کی رپورٹس عدالت کو پڑھ کرسنائیں۔خواجہ حارث نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق نوازشریف کو گردے میں تیسرے درجے کی بیماری ہے، میڈیکل بورڈ نے گردے اوردل کے عارضے کے باعث نوازشریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی، عدالت نیب کو نوٹس جاری کردے اورسپیشل بورڈ کی رپورٹ منگوا کردیکھ لے۔عدالت نے نیب اورسپرنٹنڈنٹ جیل کوآئندہ سماعت تک نوٹس جاری کرتے ہوئے سپیشل میڈیکل بورڈ اوردیگررپورٹس آئندہ سماعت 6فروری تک طلب کرلیں۔
العزیزیہ ریفرنس / سزا معطلی

مزید :

صفحہ اول -