مدرارس رجسٹریشن پر بریک تھرو، حکومت نے اتحاد تنظیمات مدارس کے مطالبات مان لیے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر بریک تھرو ہوگیا حکومت نے اتحاد تنظیمات مدارس کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔ذرائع کے مطابق بریک تھرو مولانا فضل الرحمان کی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 کے تحت ہی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔26 ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں پاس کیے گئے مسودے پر نوٹیفکیشن چند روز میں ہوگا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی تھی۔وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانافضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہمارے مؤقف کا انتہائی مثبت جواب دیا گیا ہے اور وزیراعظم نے وزارت قانون کو فوری ہدایات کیں کہ قانون و آئین کے مطابق عملی اقدامات کریں، اس کے بعد امید ہے آئین و قانون کیمطابق عملی اقدامات ہمارے مطالبات کے مطابق ہوں گے۔وفاق المدارس اور اتحاد تنظیمات مدارس نے مطالبہ کیا تھا کہ مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا، فوری گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، مدارس کے معاملات میں رکاوٹیں اورتاخیری حربے قابل قبول نہیں، مدارس کے جملہ مسائل کو فی الفورحل کیا جائے۔
مدارس رجسٹریشن