چینی کمپنی کا الیکٹرک وہیکلز کیلئے پاکستان میں 350ملین ڈالر سرمایہ کاری کااعلان
بیجنگ/اسلام آباد (این این آئی)چینی کمپنی نے الیکٹرک وہیکلز کے لیے پاکستان میں 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ای وی سیکٹر میں چین کی سرمایہ کاری میں دلچسپی نظر آ رہی ہے،اس سلسلے میں چینی کمپنی اے ڈی ایم گروپ نے پاکستان میں 350ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔منصوبے کے تحت پاکستان میں 3ہزارسے زائد الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز نصب کیے جائیں گے۔ سندھ میں ایک ہزار، پنجاب میں 1500اور خیبرپختونخوا و بلوچستان میں 750اسٹیشنز لگائے جائیں گے۔اے ڈی ایم گروپ ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر کیلئے 90ملین ڈالر کی سرمایہ کاری فراہم کرے گا۔ پاکستان میں ای وی مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کیلئے 250ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔الیکٹرک گاڑیاں ایک مرتبہ چارج کرنے پر 300کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت کی حامل ہوں گی۔ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال کاربن کے اخراج میں کمی اور ایندھن پر انحصار کم کرنے میں معاون ہوگا۔ گرین انرجی اہداف کے مطابق پاکستان ای وی مینوفیکچرنگ اور انفرا اسٹرکچر کا علاقائی مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ای وی چارجنگ اسٹیشنز کا قیام حکومت کی ماحول دوست پالیسیوں کیلئے خوش آئند ہے۔
چینی کمپنی