افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام ، 4خوارج ہلاک ، فوجی جوان شہید

  افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام ، 4خوارج ہلاک ، فوجی جوان شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی ،اسلام آباد(آئی این پی)سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے خوارج کے گروہ کی پاکستان میں در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ جھڑپ میں ایک فوجی جوان جام شہادت نوش کرگیا۔ (آئی ایس پی آر )کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں پاک افغان سرحد سے خوارج کے گروہ نے دراندازی کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، دراندازی کی کوشش 19 اور 20 دسمبر کی درمیانی شب کی گئی۔ سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 4 خوارج جہنم واصل ہو گئے جبکہ جھڑپ کے دوران خیبر کے رہائشی 22سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ سرحد کے اطراف موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے خوارج کو افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔آئی ایس پی آر نے کہاہے سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، دریں اثنا صدرمملکت، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین جبکہ شہید سپاہی عامر سہیل کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

چار خوارج ہلاک 

مزید :

صفحہ اول -