سائنسدانوں نے نیا بلڈ گروپ دریافت کرلیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )برطانیہ کے سائنسدانوں نے ایک نیا بلڈ گروپ دریافت کرلیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے علاقے جنوبی گلوسٹر شائر میں این ایچ ایس بلڈ اینڈ ٹرانسپلانٹ (NHSBT) کے سائنسدانوں کی قیادت اور برسٹل یونیورسٹی کے تعاون سے محققین کی ایک ٹیم نے ایم اے ایل (MAL) نامی ایک نیا بلڈ گروپ دریافت کرلیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ بالا پیش رفت نے اے این ڈبلیو جے (AnWj) نامی اینٹی جن سے جڑی ایک 50 سال پرانی پہیلی کو سلجھا دیا ہے جو پہلی بار 1972ءمیں سائنسدانوں کی توجہ کا مرکز بنی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سینئر سائنسدان لوئیس ٹیلی کی قیادت میں محققین کی ایک ٹیم نے اے این ڈبلیو جے (AnWj) اینٹی جن سے محروم مریضوں کی شناخت کے لئے ایک جینیاتی ٹیسٹ بھی تیار کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس جینیاتی ٹیسٹ سے ایم اے ایل (MAL) بلڈ گروپ والے نایاب مریضوں کی بہتر دیکھ بھال ہو سکے گی اور ایسے خون کا عطیہ کرنے والوں کی تلاش میں سہولت فراہم کرے گی۔
لوئیس ٹیلی نے بی بی سی کو بتایا کہ ابھی اس ٹیسٹ سے مستفید ہونے والے لوگوں کی صحیح تعداد کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔