عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ذمہ داری ،آئی جی

عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ذمہ داری ،آئی جی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کر ائم رپورٹر)آ ئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال اور عزت آبرو کے تحفظ کو یقینی بنانا پنجاب پولیس کے ہر سپاہی کی اولین ذمہ داری ہے اورمیں واضح کرنا چاہتاہوں کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی ، غفلت اور لا پرواہی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ کرپشن ، بد عنوانی ، اختیارات سے تجاوز، شہریوں سے بد تمیزی اور بدسلوکی کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالریننس کے تحت اقدامات کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ایسے افسر و اہلکار کسی رعائیت کے مستحق نہیں ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس کو عوام دوست بنانے اور پولیس کے امیج کی بہتری کیلئے کوشاں ہوں اور مجھے یقین ہے کہ محنت ، ایمانداری، شرفا سے نرم گفتاری، فرض شناسی اور ٹیم ورک کے ذریعے ہم سب مل کرعوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج راولپنڈی پولیس لائنز میں افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر آر پی او راولپنڈی احمد اسحاق جہانگیر ، سی پی او راولپنڈی عباس احسن، ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری،ڈی پی او جہلم حماد عابد،ڈی پی اوچکوال عادل میمن ،چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی، سپیشل برانچ اورسی ٹی ڈی افسران سمیت جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر عوامی خدمت کو مقدم رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کیلئے اللہ پاک کے سواکسی سے نہ ڈریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سروس ملازمت سے زیادہ ایک مشن ہے ،عوام کی خدمت عبادت سے کم نہیں ،عوام کی داد رسی کرکے ان سے دعائیں لیں کیونکہ پنجاب پولیس کے پاس کارکردگی دکھانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، آئی جی پی پنجاب نے مزید کہا کہ فورس کے مسائل جاننے اور ان کے فوری حل کیلئے صوبے کی تمام ریجنز کے دوروں کا آغاز کردیا ہے سینئر افسران ماتحت اہلکاروں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کریں جبکہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور حسن سلوک کو شعار بنایا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ میرے پچھلے دور میں بھی پولیس کو ترجیحی بنیادوں پر ریکارڈ ترقیاں دی گئی تھیں اب بھی پولیس افسران کی ترقیوں اور تنخواہوں کی میں خود ذمہ داری لیتا ہوں ،ماتحت اہلکار، سینئر افسران کی ہدایات پر عمل کریں اور ایسے حالات نہ پیدا کریں کہ سزاد ینا مجبوری بن جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں کار چوری کے مسئلے پر خصوصی توجہ دے کر شہریوں کی املاک کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہاکہ تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلیاں میرا مشن ہے اورپولیس کارکردگی اور محکمہ کے حالات کار بہتر بنانے کے احکامات کا آغاز بہت جلد ہوجائے گا ۔میڈیا سے حقائق چھپانے کی ضرورت نہیں بلکہ میڈیا کی معاونت سے پولیس کے اچھے کاموں کو بھی اجاگر کیا جائے جبکہ پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ریفریشر کورسز اورتربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں مزید تیزی لائی جائے ۔اس موقع پر پولیس اہلکارو ں نے ورکنگ سسٹم میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز اور درپیش مسائل سے آئی جی پنجاب کو آگاہ کیاجس پر آئی جی پی پنجاب نے بعض مسائل اور تجاویز پر موقع پر احکامات جاری کئے ۔راولپنڈی پولیس لائنز آمد پرآئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی بعد ازاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اورپولیس شہدا ء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔پولیس دربار سے قبل آئی جی پی پنجاب نے آر پی او دفترراولپنڈی کا دورہ کیا جہاں آرپی او راولپنڈی احمد اسحاق جہانگیر نے انکا استقبال کیا، سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے آئی جی پی پنجاب کو ریجن بھر میں جرائم کی مجموعی صورت حال ،پولیس اقدامات اور جاری منصوبوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جبکہ آئی جی پنجاب نے کرائم کنٹرول اور پولیس سروس ڈلیوری میں بہتری کے حوالے سے ضروری احکامات بھی جاری کئے۔

مزید :

علاقائی -