آن لائن گیم سے شروع ہونیوالا جھگڑا 13 سالہ لڑکے کی جان لے گیا
اٹک (ڈیلی پاکستان آن لائن) 2 روز قبل قتل کی لرزہ خیزواردت کا ڈراپ سین ہوگیا ، کمسن اشعر کا قاتل اس کا اپنا ہی قریبی دوست نکلا۔
اٹک کی تحصیل حضرو تھانہ رنگو کی حدود13 سالہ معصوم اشعر کو نامعلوم ملزم نے تیز دھار آلے سے قتل کیا اور لاش ویرانے میں پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی موقع سے تمام شواہد اکٹھے کیے گئے ڈی۔پی۔او اٹک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔جس پر پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فرار ملزم عبدالواہاب کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق دونوں دوستوں کے درمیان آن لائن گیم کھیلتے ہوئے معمولی جھگڑا ہوا تھا۔ جس پر ملزم عبدالوہاب نے طیش میں آکر اپنے قریبی دوست اشعر کو چھریوں کے وار سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پو لیس نے گرفتار ملزم سےمزید تفتیش شروع کر دی ہے، مقتول اشعرآٹھویں جماعت کا طالب علم اور چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔