بلاول نے جلسے میں باتیں جو ش خطابت میں کیں، ردعمل نہیں دیں گے: رانا ثنا ء اللہ
اسلام آباد، کر اچی(مانیٹر نگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے جلسہ عام میں جوبات کی وہ جوش خطابت میں کی اور اس پر ردعمل دینے کی ضرور ت نہیں ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ سندھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، سندھ کا ایک بوند بھی پانی چوری کا ارادہ نہیں، سندھ حکومت بات کرنے کو تیار ہے، یہ بات وزیراعظم کے نوٹس میں لائی گئی ہے اور وزیراعظم اس معاملے پر مناسب فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول نے جلسہ عام سے جوبات کی وہ جوش خطابت میں کی، جوش خطابت میں بہت ساری باتیں ہوجاتی ہیں، بلاول نے جو کچھ کہا اس پر رد عمل دینے کی ضرورت نہیں لیکن بیانات ایک دائرے میں ہونے چاہئیں۔دوسروں کی عزت و احترام ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی بات کرنے کو تیار ہے، وزیراعظم طریقہ کار وضع کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور کنوینر دریائے سندھ بچاؤ تحریک سید زین شاہ اورجے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو سے رابطہ کیا۔سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات خواجہ نوید امین ایڈوکیٹ کے مطابق رانا ثنا اللہ نے کینالوں اور کارپوریٹ فارمنگ کے مسئلے پر سید زین شاہ کو مذاکرات کی پیشکش کی۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس مسئلے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف آپ سے ملاقات کرنا چاہ رہے ہیں۔سید زین شاہ نے کہا کہ ہم دریائے سندھ بچاؤ تحریک میں شامل جماعتوں، وکلا ایکشن کمیٹی، آبادگاروں اور اپنے اتحادیوں سے مشاورت کر کے آگاہ کریں گے۔ترجمان جے یوآئی کے مطابق رانا ثنا اللہ نے دریائے سندھ پر متنازعہ کینالز سے متعلق جے یوآئی کو مذاکرات کی پیشکش کی۔علامہ راشد محمود سومرو نے مشاورتی عمل میں قوم پرست جماعتوں کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔علامہ راشد سومرو نے کہا کہ سندھ کی سیاسی جماعتوں اور وکلا کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔مذاکرات سے پہلے متنازعہ کینالز پر فوری طور پر کام روکا جائے۔جے یو آئی سندھ کا واضح موقف ہے کہ سندھ کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ہے۔وزیراعظم کے مشیررانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے اپنے معاملات کو بہترکرے، جیل کے عملے سے تعاون کرے، جن لوگوں کا نام فہرست میں ہو وہی ملاقات کے لیے جائیں، دیگرکیوں چلے جاتے ہیں؟رانا ثنا اللہ نے مزیدکہا کہ دونوں اطراف ہی معاملات کو بہتر کرنیکی ضرورت ہے، ہماری خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر آج کوئی ایشو نہ ہو۔
رانا ثنااللہ