پاکستان اور سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا : آصف علی زرداری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب کی 94ویں سالگرہ کے موقع پر سعودی سفارت خانے کے زیر انتظام اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ معیشت،تجارت، دفاع، ثقافت، اورتعلیم کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر زور دیا۔صدر مملکت نے قومی دن کے مطابق پر الحرمین الشریفین کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
صدر مملکت نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن اور سعودی عرب کی قابل قدر ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جرات مندانہ اقدامات ملک کو آگے بڑھائیں گے-
انہوں نے سعودی عرب کے ترقی کے سفر میں مزید منازل طے کرنے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ مشکل وقت میں پاکستان کی ہمیشہ مدد کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا بھی کیا۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات آنے والے سالوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک اپنی اقوام کی ترقی، امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے کام کریں۔