ایم ایل ون کے بعد ریلوے میں ترقی کا انقلاب آئے گا،بشارت وحید
لاہور (جنرل رپورٹر)پچیسویں سینئر مینجمنٹ کورس پشاور کے 13 رکنی وفد نے مرزا خالد امین چیف انسٹرکٹر کی قیادت میں ریلوے ہیڈکواٹر آفس لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا جہاں سی پیک ٹیم لیڈر بشارت وحید نے ریلوے کے حالیہ تنظیم نواور مستقبل میں پیش آنے والے مسائل کے بارے میں شرکائکو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ چھ ماہ میں پاکستان ریلوے اب تک 24 نئی پسنجر ٹرینیں چلا چکا ہے اور اپنے پسنجر سیکٹر میں 20% تک اضافہ کر چکا ہے جو کہ پاکستان ریلوے کی تاریخ کا ریکارڈ ہے۔ اس کے علاوہ ہم اپنے فریٹ سیکٹر کو بھی بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ آٹھ فریٹ ٹرینوں کوبھی 20تک لے کر جائیں گے۔ ٹرینوں کے اوقات کار میں 90%تک بہتری لائی گئی ہے پاکستان ریلوے نے پچھلے سال کی نسبت اس سال اپنی آمدن میں زیادہ اضافہ کیا جو کہ وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشیداحمد کی قیادت میں ریلوے افسران و ملازمین کی محنت وکاوش کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کے بعد ریلوے میں ترقی کا انقلاب آئے گا اور روزگار کے بے شمار مواقع بھی پیدا ہونگے۔ایم ایل ون کے تکمیل کے بعد ٹرین کی سپیڈ میں بھی اضافہ ہوگا جس سے لاہور کراچی کا سفر 8گھنٹے میں طے ہوگا۔ دورہ کے اختتام پر سی پیک ٹیم لیڈربشارت وحید اور مینجمنٹ کے شرکاء کے درمیان شیلڈاور سوینرز کا تبادلہ ہوا اس موقع پر ریلوے کی جانب سے سی او پی ایس ٹیکسزچوہدری بلال سرور،ڈپٹی چیف کمرشل مینجر محمد علی چاچڑ اور ڈپٹی چیف مکینیکل انجنیئر راجہ ساجد بشیر سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔
بشارت وحید