خصوصی افراد کی بحالی پر توجہ مرکوز ہے، سید قاسم نوید قمر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ ان کے محکمے نے خصوصی افراد کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان افراد کو بہتر صحت اور تعلیم کے مواقع اور ووکیشنل ٹریننگ فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کررکھی ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا موثر کردار ادا کریں اور اس مقصد کے حصول کے لیے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی معاونت لی جارہی ہے۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں نا پی ڈی پی اور ڈیف ریچ کے عمیر احمد اور چرڈ گیری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سید قاسم نوید قمر نے بتایا کہ ان کے محکمے کے زیر اہتمام متعدد اسکولز خصوصی بچوں کو تعلیم و تربیت کی سہولیات فراہم کررہے ہیں اور اب ہماری کوشش ہے کہ ان خصوصی بچوں کو ایسی ووکیشنل ٹریننگ فراہم کی جائے کہ وہ آگے چل کر اپنے پیروں پر خود کھڑا ہوسکیں اور کسی کے محتاج نہیں ہو۔ انہوں نے اس تجویز سے اتفاق کیا کہ خصوصی افراد میں گداگری کے رجحان کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے اور باعزت اور حلال روزگار کمانے میں ان کی مدد کی جائے۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے انسانیت سے محبت کرنے والے افراد سے درخواست کی کہ وہ خصوصی افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں