مردان سے درجنوں خاندانوں نے اے این پی چھوڑ کر تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا
مردان(آئی این پی ) شہری علاقہ یونین کونسل بغدادہ میں درجنوں خاندانوں نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے مستفی ہو کر پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی )کے نامزد امیدوار حلقہ پی کے58 عبدالسلام آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
یونین کونسل بغدادہ (سنٹر کالونی) میں ایک بڑے شمولیتی جلسے کے دوران عبدالسلام آفریدی نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور پارٹی ٹوپیاں پہنائیں۔عبدالسلام آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک انصاف نے روایتی سیاست کا خا تمہ کر تے ہو ئے خدمت خلق سے سرشار سیاست متعارف کروائی ہے، ماضی میں باری باری حکومتیں کرنے اور ملک کو مقروض کرنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، آج ملک پر قرضوں کا جو بوجھ ہے اس کے ذمہ دار ماضی کے کرپٹ اور بد عنوان حکمران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کی کارکردگی گزشتہ ادوار پر بھاری ہے اور ہم نے مختصر وقت میں تعمیر و ترقی کیلئے جو عملی اقدامات اُٹھا ئے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، اس سے پہلے کی حکومتوں نے عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ، تحریک انصاف نے جس طرح ملک کی سیاست میں ایک خوشگوار تبدیلی لائی ہے اور حکمرانوں کو عوام کا خادم بنادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے خواب کو عمران خان نے شرمندہ تعبیر کرکے دکھا دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ دیگر جما عتو ں سے متنفر ہو کر تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔