بریڈ پٹ کا روپ دھار کر فراڈ، 2 خواتین نے لاکھوں یوروز گنوادیئے
میڈریڈ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہالی ووڈ اسٹار بریڈ پٹ کے دھوکے میں دو خواتین 3 لاکھ 25 ہزار یورو گنوا بیٹھیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپانوی پولیس نے آن لائن فراڈ میں ملوث 5 افراد کے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے بریڈ پٹ کا روپ دھار کر خواتین کو لوٹا ہے۔
پولیس کے مطابق اس گروہ نے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار کے مداحوں کے لیے ایک جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنایا اور خواتین سے تعلقات بنائے اور بعد میں انہوں نے ان خواتین کو مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دیا۔
اس فراڈ کے نتیجے میں سپین کی ایک خاتون 1 لاکھ 75 ہزار یورو جبکہ شمالی باسکی کی ایک اور خاتون ڈیڑھ لاکھ یورو سے محروم ہوگئی۔
ہسپانوی پولیس نے 85 ہزار یورو بازیاب کر لیے ہیں اور باقی تحقیقات جاری ہیں۔