ڈی جی فوڈ کا سپیشل آپریشن ، اتوار بازاروں میں 29سٹالز کو جرمانے ، ناقص اشیاء تلف
ا لاہور (صباح نیوز)پنجاب فوڈ اتھارٹی سپیشل آپریشن ٹیموں نے چھٹی کے روز اتوار بازاروں، خصوصی طور پرکرسچین علاقوں کے قریب لگے بازاروں کی چیکنگ کی۔ ٹیموں کی سربراہی ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کی ۔ یوحنا آباد، نشتر کالونی،بہار کالونی، وحدت روڈ سمیت شہر بھر کے تمام بازاروں کا معائنہ کیا گیا اور ناقص اشیاء خوردونو ش کی فروخت پر29 سٹالز کو جرمانے، بھاری مقدار میں غیر معیاری اشیاء کو موقع پر تلف جبکہ معمولی نقائص پرمتعدد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ سپیشل آپریشن ٹیمیں چھٹیوں کے دنوں اور خصوصی تہواروں پر کام کرتی ہیں جس کا مقصد عوام کو ہر روز، ہر موقع پر معیاری اور صحت مند اشیاء خوردونوش فراہم کرناہے۔کرسمس کا تہوار عیسائی براداری کے لیے بہت بڑا دن ہے جس کی مناسبت سے اشیاء کوردونوش کی خرید کا سلسلہ بھی زور پکڑ لیتا ہے۔ اس لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی سپیشل آپریشن ٹیموں کی تعداد میں دو گنا اضافہ کیا گیا ہے۔ سپیشل آپریشن ٹیمیں 24اور 25دسمبر کو ڈیوٹی پر موجود رہیں گی تا کہ اشیاء خوردونوش کے معیار پر نظر رکھی جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری ایکشن لیا جا ئے گا۔