نئی نویلی دلہن نے شگون کے پیسوں سے سپاری دے کر شوہر کو قتل کروادیا

نئی نویلی دلہن نے شگون کے پیسوں سے سپاری دے کر شوہر کو قتل کروادیا
نئی نویلی دلہن نے شگون کے پیسوں سے سپاری دے کر شوہر کو قتل کروادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اتر پردیش کے ضلع اورییہ میں ایک 22 سالہ خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی، جس سے وہ صرف دو ہفتے قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ پرگتی یادو کا اپنے آشنا انوراگ یادو کے ساتھ چار سال سے تعلق تھا، لیکن اس کے خاندان نے اسے زبردستی 5 مارچ کو 25 سالہ دلیپ یادو سے شادی کرنے پر مجبور کیا۔

نیوز 18 کے مطابق شادی سے ناخوش پرگتی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر ایک خوفناک سازش تیار کی اور دلیپ کو راستے سے ہٹانے کے لیے ایک کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کیں۔ اورییہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابجیت آر شنکر کے مطابق، پرگتی اور انوراگ نے کرائے کے قاتل راماجی چودھری کو دلیپ کے قتل کے لیے دو لاکھ روپے دیے۔ یہ رقم پرگتی نے شادی میں ملنے والی شگون کی رقم میں سے ادا کی۔

19 مارچ کو دلیپ کنوج سے اپنے کام سے واپس آ رہا تھا جب ملزمان نے اسے موٹر سائیکل پر کھیتوں میں لے جا کر بری طرح زدوکوب کیا اور گولی مار دی۔ مقامی لوگوں نے اسے شدید زخمی حالت میں پایا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اسے علاج کے لیے پہلے بدھونا کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، پھر سیفئی ہسپتال، اس کے بعد مدھیہ پردیش کے گوالیار اور آخر میں اورییہ کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 21 مارچ کی رات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پولیس نے قتل کی تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دلیپ کو موٹر سائیکل پر لے جانے والے ملزمان کی شناخت کی۔ اس کے بعد پولیس نے رامجی چودھری اور انوراگ کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران دونوں نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس قتل کی اصل منصوبہ ساز پرگتی تھی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستول، چار زندہ کارتوس، ایک موٹر سائیکل، دو موبائل فون، ایک پرس، آدھار کارڈ اور تین ہزار روپے برآمد کیے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -