ڈاکٹر یعقوب کوعلوم پر بہت دسترس حاصل ہے، کالا باغ ڈیم کے حق میں مضبوط دلائل دیتے ہیں، اس موضوع پرانکی کئی کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں 

 ڈاکٹر یعقوب کوعلوم پر بہت دسترس حاصل ہے، کالا باغ ڈیم کے حق میں مضبوط دلائل ...
 ڈاکٹر یعقوب کوعلوم پر بہت دسترس حاصل ہے، کالا باغ ڈیم کے حق میں مضبوط دلائل دیتے ہیں، اس موضوع پرانکی کئی کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:جسٹس (ر) بشیر اے مجاہد 
 قسط:95
گورنمنٹ کالج میں سیر کے لئے باقاعدہ آنے والی متعدد پارٹیوں میں ایک ہمارے دوستوں کی سیر پارٹی بھی تھی جس میں مختلف الخیال دوست احباب اور بزرگ شامل تھے۔ ان میں تحریک پاکستان کے مشہور لیڈر اور بابائے قومؒ کے پرانے ساتھی شیخ نثار احمد سینئر ایڈووکیٹ، ساہیوال کے ریٹائرڈایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ شیخ اکرام الحق جو کہ اب وکالت کرتے تھے، آغا امجد علی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج، صدیق کمیانہ سینئر ایڈووکیٹ کے علاوہ ایک حکیم اور ہومیوپیتھ ڈاکٹر محمود بھی شامل تھے۔ ان میں راقم کا نام بھی شامل تھا جو بلاناغہ صبح سیر کرتے تھے۔ اس سیر پارٹی میں شامل افراد گاہ بہ گاہ کوئی پرتکلف ناشتہ یا کھانے کا بھی اہتمام کرتے یا چائے کی پارٹی کر دیتے اور یہ محبت بھری سرگرمی ہمارے درمیان جاری رہتی۔ جس سے دوست احباب کی محبت بڑھتی اور یگانگت کا اظہار ہوتا۔
لاہو رشفٹ ہوئے تو رہائش اتحاد کالونی ملحقہ علامہ اقبال ٹاؤن تھی۔ سیر باقاعدگی سے گلشن اقبال میں ہوتی تھی۔ جب میں 1999ء میں جج بنا تو G.O.R.I میں شفٹ ہواتوریس کورس پارک (جس کا نام اب جیلانی پارک ہے) میں صبح کی سیر شروع کر دی۔ وہاں ایک سیر پارٹی پہلے سے موجود تھی۔ جس میں جسٹس منظور حسین سیال، جسٹس ملک اختر حسن، ڈاکٹر قیصر محمود، چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے علاوہ چند مزید ساتھی بھی ہوتے تھے۔ جن کی دلچسپ اور علم و عرفان سے بھرپور گفتگو سننے اور سیکھنے کو ملتی۔ 
ہائی کورٹ اور ڈرگ کورٹ کے چیئرمین کے عہدہ سے ریٹائر ہونے کے بعد 2005ء میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے بلاک ”کے“ میں گھر بنا لیا تو سیر کے لئے سی ای بلاک میں ایک پارک کی تلاش کی جو کہ اتنی بڑی نہ تھی مگر اس میں جن لوگوں سے ملاقات ہوئی وہ سب خود بڑے کشادہ دل اور کھلے ذہن و قلب کے انسان تھے۔ ان کے ساتھ بلاناغہ سیر کم گپ شپ زیادہ ہوتی ہے۔ کھانے پینے کا بندوبست بھی کافی رہتا ہے جس سے خوشی تو بہت ہوتی ہے اور دل بھی ان لوگوں کے ساتھ خوب لگتا ہے مگر وزن کم ہونے کی بجائے جب بھی چیک کیا جائے زیادہ ہی ہوتا ہے۔ ان سب میں ایک دوسرے سے زیادہ سب کی خدمت کرنے کا جذبہ ہمہ وقت موجزن ہوتا ہے۔ دعوت دینے والوں سے زیادہ ہمیشہ دعوت کھانے والوں کے پاس وقت کی کمی ہوتی ہے۔ ڈاکٹر یعقوب صاحب کا خاص طور پر ذکر کروں گا جو کہ ویٹرنری میں خصوصی مہارت کے حامل ہیں مگر اُن کو مذہب، سائنس اور تاریخ کے ماخذ اور علوم پر بہت زیادہ دسترس حاصل ہے۔ اکثر گفتگو میں کالا باغ ڈیم بنانے کے حق میں بڑے مضبوط دلائل دیتے ہیں۔ اس موضوع پر اُن کی کئی کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ اکثر کھلاتے بھی ہیں اور سناتے بھی ہیں۔ ان کی گفتگو بڑی سحر انگیز ہوتی ہے۔(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -