سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے،ممنون حسین
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے اقوام متحدہ کے منشور میں شامل اصولوں اورمقاصد پر کاربند رہنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ان اصولوں اورمقاصد کو حقیقت کاروپ دینے میں ہمیشہ فعال اور قائدانہ کردار ادا کیاہے، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں گرانقدر خدمات اس کے کردار کی عکاس ہیں ۔سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے ۔ اقوام متحدہ کے قیام کے 72سال پورے ہونے پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قیام کے بعد سے پاکستان کے ایک لاکھ 72 ہزار امن دستوں نے جنگوں سے متاثرہ دنیا کے مختلف حصوں میں امن قائم اور برقرار رکھنے میں مدد فراہم کی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے خدمات انجام دیتے ہوئے جانیں قربان کرنے والے اپنے 154 بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ تنازعات کا پرُامن حل اور انسانی حقوق کا احترام بشمول حق خودارادیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں میں شامل ہیں۔ اس حوالے سے صدر مملکت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پرزوردیاکہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضروری سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرے۔انہوں نے کہاکہ بھارت خصوصاً جولائی دوہزار سولہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کی منظم انداز میں خلاف ورزی کررہاہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی طرف سے حقائق کاپتہ لگانے والے بین الاقوامی مشن کی تعیناتی کی اپیل کااعادہ کرتاہے۔
ممنون حسین