بلوچستان میں رواں سال رپورٹ ہونےو الے پولیو کیسز کی تعداد15ہوگئی
پشین(ڈیلی پاکستان آن لائن)بلوچستان میں رواں سال پولیو کا 15 واں کیس رپورٹ ہوگیا، نیشنل ای او سی نے 30 ماہ کے بچے کے پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے کہا ہے کہ ضلع پشین سے تعلق رکھنےو الے 30 ماہ کے بچے کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، اس طرح رواں سال بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد 15 اور ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ وائرس اور پولیو کیسز کی حالیہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ویکسینیشن کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہماری مذہبی اور قومی ذمہ داری ہے،پولیو مہمات کا مقصد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا اور بچوں کی قوتِ مدافعت کو مضبوط کرنا ہے۔
عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ سال کے اختتام سے قبل ملک بھر میں 2 مزید پولیو مہمات کا انعقاد کیا جائے گا۔