پہلگام واقعہ پر بھارتی پروپیگنڈے کا بھر پو جواب دینگے: وزیراعلٰی سندھ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ پر بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینگے۔ مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پہلگام واقعے پر بھارت کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور سندھ میں مجوزہ نہری منصوبے پر وضاحت پیش کی۔مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے پر بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دنگے، دشمن سمجھ لے ہم ان کا جھوٹ ناکام کرنا جانتے ہیں، پاکستان کے عوام اور حکومت اپنی افواج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی بات انتہائی خطرناک ہے لیکن ہم ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔نہری منصوبے پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے پہلے دن سے یقین تھا کہ نہریں نہیں بنیں گی، پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے سندھ کے پانی پر کوئی ڈاکا نہیں ڈال سکتا، جون 2024 میں سندھ حکومت نے ارسا کے سرٹیفکیٹ کو چیلنج کر کے معاملہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں اٹھایا تھا۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی 8 جولائی کی میٹنگ یا ایوانِ صدر کا کوئی ٹویٹ ہمارے لیے تشویش کا باعث نہیں کیونکہ منظوری کا مینڈیٹ صرف باہمی رضامندی سے ممکن ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی بھی کالاباغ ڈیم یا کسی بھی ایسی سکیم کی حمایت نہیں کی جس سے سندھ کے مفادات کو نقصان پہنچے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مؤقف بھی ہمیشہ کشمیر اور سندھ کے حق میں رہا ہے وفاق سے ہمیشہ بات چیت کے دروازے کھلے رکھے ہیں اور حالیہ ملاقاتوں میں بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ جب تک اتفاق رائے نہیں ہو گا کوئی نئی نہر تعمیر نہیں ہو گی۔مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی اہم میٹنگ 2 مئی کو ہوگی جس میں سندھ کے پانی کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا جائیگا۔ پیپلز پارٹی عوام کے ووٹ سے آئی ہے، ہم نے خدمت کر کے اعتماد حاصل کیا ہے اور جب تک ملک میں جمہوریت ہے لوگ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیتے رہیں گے۔
مراد علی شاہ