ہرجانہ کیس:آئی سی سی کا فیصلہ سیاست کے زیراثر رہا،نجم سیٹھی

ہرجانہ کیس:آئی سی سی کا فیصلہ سیاست کے زیراثر رہا،نجم سیٹھی
 ہرجانہ کیس:آئی سی سی کا فیصلہ سیاست کے زیراثر رہا،نجم سیٹھی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(یواین پی)سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پاکستان کی جانب سے دائر کئے جانے والے ہرجانہ کیس میں آئی سی سی کے فیصلے کو سیاست کے زیر اثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورننگ باڈی میں بھارتی مضبوطی کے آگے کوئی بھی کھڑا نہیں ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ تنازعات حل کرنے والی تین رکنی کمیٹی نے پاکستان کا کیس خارج کردیا تھا اور نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انہیں قوی امید تھی کہ پاکستان معاہدے کی پاسداری نہ کرنے والے بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف اپنا مقدمہ جیت لے گا لیکن بدقسمتی سے بھارتی سیاست کے اثرات اس کیس پر غالب آگئے اور گورننگ باڈی نے ایک سیاسی فیصلہ سنا دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے علیحدگی اختیار کر کے یہ دھمکیاں دیتا رہا تھا کہ اگر اس کی ڈیمانڈز پوری نہ کی گئیں تو وہ اپنی گورننگ باڈی کا قیام عمل میں لانے میں قطعی تامل نہیں کرے گا اور یہ بات بھی پیش نظر رکھی جائے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سابق سربراہ ششانک منوہر نے بھی آئی سی سی کا چیئرمین ہونے کے باوجود بھارت کے حق میں گواہی دی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مقدمے سے قبل انہوں نے مقامی اور انٹرنیشنل ماہرین سے قانونی رائے طلب کی تھی اور انہیں اس بات پر ذرا بھی شک نہیں کہ ان کا کیس قانون کے اعتبار سے خاصا مضبوط تھا لیکن بھارت کی جانب سے دباؤ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ انہیں آئی سی سی کی جانب سے اس فیصلے کی قطعی کوئی امید نہیں تھی۔سابق پی سی بی چیف کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ کچھ وقت کے بعد معاملات آگے بڑھ جانے پر گورننگ باڈی کا موقف لازمی سامنے آئے گا۔